12 فروری ، 2012
کراچی . . . . . کراچی میں جلسے کے دوران دفاع پاکستان کونسل نے اپنا 10 نکاتی منشور پیش کردیا، منشور مولانا سمیع الحق نے پڑھ کر سنایا اور اس پر شرکاء سے حلف بھی لیا۔ کراچی میں دفاع پاکستان کونسل کے زیر اہتمام جلسہ منعقد کیا گیا جس میں 40 سے زائد مذہبی و سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔ سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا سمیع الحق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو امریکی اور اس کے اتحادیوں کے تسلط سے آزاد کرانا اور قوم کو مذہبی و لسانی تعصبات سے بچانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قوم کے سامنے نمونہ پیش کرنا ہے، دینی مدارس اور مزارات کا تقدس برقرار رکھنا اور ملک کو بیرونی جارحیت سے بچانا ہوگا۔ مولانا سمیع الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں آزادی کی جنگ لڑنے والے مظلوم کشمیری بھائیوں کی مدد جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ملک کو اندرونی اور بیرونی سازشوں سے بھی محفوظ رکھنا ہے۔