12 فروری ، 2012
کراچی . . . . . وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبد المجید نے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے دو ٹوک موٴقف پر اختیار کرنے پر ایم کیو ایم کے شکر گزار ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین انسانیت کے لئے بے مثال کوششیں کر رہے ہیں، الطاف حسین اور صدر مملکت کے درمیان مفاہمتی پالیسی قائد اعظم کے پاکستان کی تکمیل کے لئے کارفرما ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم وفاق کی ایک بڑی جماعت بن گئی ہے جس کا پیغام ملک بھر میں پھیل رہا ہے۔ اس موقع پر رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ مستقبل میں بھی الطاف حسین کی جانب سے مفاہمتی پالیسی کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر کشمیریوں کی آراء شامل کرنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ 2005ء کے زلزلے کے دوران ایم کیو ایم نے بے شمار خدمات انجام دیں اور اسی کے نتیجے میں ایم کیو ایم کشمیر کے ایوانوں میں پہنچی۔