لاہور میں قاتل ڈور نے ایک لیکچرار کی جان لے لی

لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور جان لے لی، قصور کے رہائشی لیکچرار آفتاب احمد کالج میں پڑھانے کے لیے موٹر سائیکل پر لاہور آ رہے تھے ، مسلم ٹاؤن فلائی اوور  پر پتنگ کی ڈور نے زندگی کی ڈور کاٹ دی۔

پولیس کے مطابق قصور کے رہائشی ، کیمسٹری کے لیکچرار آفتاب احمد فیروز پورروڈ سے معمول کے مطابق ڈیوٹی پر دیال سنگھ کالج جارہے تھے کہ مسلم ٹاؤن فلائی اوور پر اچانک ان کی گردن پر ڈور پھر گئی اور وہ شدید زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے انہیں فوری جنرل اسپتال پہنچایا جہاں وہ دم توڑ گئے۔

30 سالہ آفتاب احمد گذشتہ 4 برس سے دیال سنگھ کالج میں لیکچرار تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے بعد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہو رنے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی اور ایس ایچ او اچھرہ کو معطل کر دیا۔

خیال رہے کہ ایک ہفتے کے دوران ڈور پھرنے سے زخمی و ہلاک ہونے کا یہ چھٹا واقعہ ہے، تاحال نامعلوم پتنگ باز کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔

پولیس نے پتنگ کی ڈور برآمد کر لی اور مقتول کے بھائی جاوید کی درخواست پر نا معلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے لاش ورثا کے حوالے کردی۔

مزید خبریں :