07 مارچ ، 2021
پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ اداروں کے ساتھ بلوچستان کی ساحلی علاقوں میں کارروائیوں کے دوران منشیات کے 4 اسمگلرز کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف سخت چیکنگ کے دوران پاکستان کوسٹ گارڈز اورگوادر پولیس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے گوادر کے علاقے سٹی ہوڑہ میں بیش قیمت منشیات بیرون ملک اسمگل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز اور گوادر پولیس نے مختلف علاقوں میں جوائنٹ ٹیمیں تشکیل دیں، آپریشن متعلقہ علاقے سے سمندر کے کنارے لوڈنگ کے دوران 1100 کلو گرام اعلی کوالٹی کی چرس، ایک ہائی لیکس سنگل کیبن، ایک اسپیڈ بوٹ اور 4 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے شبہ ہے کہ یہ منشیات سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل ہونا تھی، پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔