Time 19 مارچ ، 2021
کاروبار

حکومت کا آئی ایم ایف کی شرط پر مختلف شعبوں کیلئے انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے مختلف شعبوں کو 140 ارب کی انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کیلئے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صدارتی آرڈیننس لانے کیلئے ضابطہ کی کارروائی مکمل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے صدارتی آرڈیننس کیلئے سمری کابینہ نے منظور کرلی، وفاقی کابینہ نے سمری سرکولیشن کے ذریعے آرڈیننس لانے کی منظوری دی۔

ذرائع نے بتایا کہ وقت کی کمی کے باعث بل پارلیمنٹ سے منظور نہیں کرایا گیا تاہم وفاقی کابینہ نے مختلف شعبوں کو حاصل انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کے بل کی منظوری دی تھی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے انکم ٹیکس چھوٹ ختم کرنے سے متعلق آئی ایم ایف کو24 مارچ سے پہلے آگاہ کرنا ہے۔