29 ستمبر ، 2012
پالی کیلے … ورلڈ ٹی 20 سپر ایٹ مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیزنے سری لنکا کو جیت کیلئے 130 رنز کا ہدف دیا ہے، مارلن سموئلز نے نصف سنچری اسکور کی۔ پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ ٹی 20سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سامے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر صرف 129 رنز بناسکی۔ دونوں ویسٹ انڈین اوپنرز محض 16 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، کرس گیل 2 اور جونسن چارلس 12 رنز بناسکے تاہم بعد میں آنے والے مارل سموئلز اور ڈیوائن براوو نے 65 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی مشکلات کم کیں، مارلن سموئلز نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 50 جبکہ ڈیوائن براوو نے 34 گیندوں پر 40 رنز بنائے،انہوں نے اننگز میں 2 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ آندرے رسل نے ایک چھکے کی مدد سے 19 رنز اسکور کئے۔ سری لنکا کی جانب سے اجنتھا مینڈس نے 2 ، انجیلو میتھیوز، کولا سیکارااور جیون مینڈس نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔