پاکستان
29 ستمبر ، 2012

فوج کا کام ملک کی حفاظت ہے، حکمرانی کرنا نہیں، اختر مینگل

فوج کا کام ملک کی حفاظت ہے، حکمرانی کرنا نہیں، اختر مینگل

اسلام آباد … بلوچ رہنما سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ فوج کا کام اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے ، ملک پر حکمرانی کرنا نہیں، بے نظیر بھٹو نے بلوچستان میں فوجی آپریشن کی مذمت کی اور نواب اکبر بگٹی کو شہید قرار دیا مگر ان کی پارٹی نے اقتدار میں آکر پرویز مشرف کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا، آزاد عدلیہ کو بھی برداشت نہیں کیا جا رہا، اسلام آباد آکر جماعت اسلامی سمیت سب کو اپنا دکھڑا اور بلوچستان پر ہونے والے مظالم کے بارے میں بتایا۔ بلوچستان ہاوٴس اسلام آباد میں سردار اختر مینگل سے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نیملاقات کی، اس موقع پر سردار اختر مینگل نے کہا کہ اسلام آباد آکر سب کو اپنا دکھڑا، اپنی داستان سنائی، جماعت اسلامی کے رہنماوٴں کو بھی بلوچستان پر ہونیوالے مظالم کے بارے میں بتایا۔ منور حسن کا کہنا ہے کہ بلوچ پہلے بھی محب وطن تھے، اب بھی ہیں، لاپتہ افراد کا معاملہ سر فہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سب کو معلوم ہے کہ کون لوگوں کو اٹھا کرلے جاتا ہے، بلوچوں کو دیوار سے لگا کر اپنے مفادات حاصل کرنے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔اس سے قبل سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب میں بلوچ رہنما سردار اختر مینگل نے کہا کہ کالے کوٹ والوں نے عدلیہ کی آزادی کی تحریک چلائی، اس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں، مگر جب آمروں اور ظالموں کے خلاف انقلاب لایا گیا تو کیا انہیں ان کی حیثیت یاد دلائی گئی؟۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج کا کام ملکی سرحدوں کی حفاظت اور بیرونی خطرات سے محفوظ رکھنا ہے، جرنیلوں نے آئین کا کیا حشر کیا سب کو معلوم ہے، پرویز مشرف نے جوکچھ کیا، کیا اس کا حساب لیا گیا؟۔ سردار اختر مینگل نے کہا وہ نہیں کہتے جرنیلوں کو پھانسی لٹکاوٴ مگر کم از کم انہیں کٹہرے میں تو لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر زرداری بھی معافی مانگ چکے ہیں کیا اس سے بلوچستان کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے؟، بلوچستان کے حقیقی سیاسی لوگوں کو راستے سے ہٹادیا گیا یا ہٹایا جارہا ہے، بلوچستان کے مسئلے کی ذمے دار سیاسی پارٹیز بھی ہیں۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر یاسین آزاد نے بلوچ رہنما کے 6 نکات کی حمایت کر تے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل اور خفیہ ایجنسیز کا سیاسی کردار ختم ہونا چاہئے، پارلیمنٹ میں بلوچستان کی حقیقی نمائندگی نہیں ہے۔ سینئر صحافی حامد میر نے خطاب کرتے ہوئے اختر مینگل کی تجاویز کو درست اور قابل عمل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے معاملے پر سپریم کورٹ میں جھوٹ بولنے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔

مزید خبریں :