اسد عمر نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلیے صوبوں کو خط لکھ دیا

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر  (این سی او سی)کے سربراہ  اور  وفاقی وزیر اسد عمر نے کورونا ایس او پیز  پر عمل درآمد کے لیے تمام وفاقی اکائیوں کو خط لکھ دیا۔

اسد عمر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں مثبت کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، این سی او سی وفاق کی تمام اکائیوں سے مشاورت کر رہی ہے اور موجودہ حالات پر این سی او سی نظر رکھے ہوئے ہے۔

سربراہ این سی او سی کا کہنا ہےکہ پہلی اور دوسری لہر کے دوران وفاق کی تمام اکائیوں نے بہتر کارکردگی دکھائی اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جب کہ تیسری لہر میں کورونا ایس او پیزپر عمل درآمد کمزور ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق  این سی او سی کے فیصلوں کی سیاسی اور سماجی اجتماعات میں خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں جب کہ این سی او سی کی ہدایات کی خلاف ورزی دیگر شعبوں میں بھی ایس او پیز کے مؤثر نفاذ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں۔

 اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی کی ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنائیں، بالخصوص عوامی اجتماعات سے متعلق ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹھوس اقدامات اور اجتماعی کاوشوں سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :