12 اپریل ، 2021
سعودی عرب میں حوثی باغیوں کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کی وجہ سے بند جدہ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو کئی گھنٹوں بعد پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر حملوں کے پیش نظر جدہ ائیرپورٹ کو ہر قسم کی پرازوں کے لیے بند کیا گیا اور کسی بھی پرواز کو ٹیک آف کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر سے جدہ کی پروازوں کو متبادل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے کے لیے بھیجا گیا، بیشتر پروازوں کو مدینہ منورہ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کروایا گیا۔
بعدازاں سکیورٹی کلیئرنس ملنے کے بعد جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھول دیا گیا۔
جدہ کا کنگ عبدالعزیز ائیرپورٹ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ساڑھے 5 گھنٹے تک بند رہا، مقامی وقت کے مطابق رات 3 بجکر 3 منٹ پر سعودی ائیر لائن کی کارگو فلائٹ نے لینڈنگ کی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ نمبر ایس وی 954 نیروبی سے وطن واپس واپس پہنچی، 25 منٹ تک ہوا میں چکر کاٹنے والی ایتھوپین ائیرلائن کی پرواز بھی 3 بجکر 5 منٹ پر لینڈ کر گئی۔