17 اپریل ، 2021
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اب ختم ہوگئی، اس پر پابندی کا فیصلہ حکومت کا اپنا ہے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ حکومت نے احسن طریقے سے فتنے پر قابوپالیا، سیکیورٹی اداروں نے اس فتنے کو ناکام بنایا، مجبوری میں سوشل میڈیا پرعارضی طورپرپابندی لگائی گئی۔
ان کا کنا تھاکہ پاکستان کی ریاست ہرگزکمزورریاست نہیں، ریاست کی رٹ کوچیلنج نہیں کیا جاسکتا، تحریک لبیک اب ختم ہوگئی، اس پر پابندی کا فیصلہ حکومت کا اپنا ہے، کسی بین الاقوامی طاقت یا ملک نے ہم سے اس ایکشن کامطالبہ نہیں کیا، فیصلہ اندرونی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ وزارت داخلہ، وزارت مذہبی امور اور صوبائی حکومتوں نے مل کر ایکشن لیا جو کامیاب ہوا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ کسی کواجازت نہیں دی جاسکتی کہ سرکاری افسران کودھمکیاں دیں، رانا ثنا اللہ نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنراور دیگر افسران کودھمکیاں دیں، ان کے خلاف کارروائی کیلئے احکامات دیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ رانا ثنااللہ کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی، انہوں نے وہی زبان استعمال کی جوٹی ایل پی یا بانی ایم کیوایم کرتے رہے ہیں، اگر سرکاری زمین پرقبضہ اورافسران کودھمکیاں دی گئیں توکارروائی ہوگی۔