پاکستان
Time 18 اپریل ، 2021

ن لیگ کا شہباز شریف کی ضمانت کے 4 روز بعد اختلافی نوٹ پر اظہار تشویش

فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن نے پارٹی صدر شہباز شریف کی ضمانت کے فیصلے کے 4 روز بعد ایک جج کے اختلافی نوٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عدالتی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ ضمانت منظور کی گئی لیکن تحریری حکم نامے پر دستخط نہیں کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 4 روز تک لاہور ہائیکورٹ کے چکر لگاتے رہے اور ہر بار کہا گیا کہ فیصلہ لکھا جا رہا ہے لیکن آج پتہ چلا کہ ایک جج نے اختلافی نوٹ لکھا ہے، ‎امید ہے کہ عدالت سے مکمل انصاف ملے گا۔

عدالتی فیصلے سے پہلے ہی ن لیگ نے ضمانت منظور ہونے کا شور کر دیا: شہباز گل

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے ن لیگی رہنماؤں نے جھوٹ بولا، عدالت کے فیصلے سے پہلے ہی درخواست ضمانت منظور کیے جانے کا شور کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی ضمانت نا ہونے پر اب یہ لوگ رو رہے ہیں، پی ٹی آئی کسی پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرتی، تمام عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ شہباز خاندان کے پاس 1998 میں ڈیڑھ کروڑ روپے تھے، 10 سال میں 7 ارب 32 کروڑ روپے سے زیادہ بنالیے۔