پاکستان
02 اکتوبر ، 2012

ندیم نصرت کی والدہ انتقال کرگئیں، الطاف حسین کی تعزیت

ندیم نصرت کی والدہ انتقال کرگئیں، الطاف حسین کی تعزیت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے سینئرکارکن ندیم نصرت کی والدہ محترمہ انورجہاں کے انتقال پر دلی تعزیت اورگہرے رنج وغم کااظہارکیاہے۔ محترمہ انورجہاں گزشتہ ایک ہفتہ سے لندن کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھیں اور آج بروزمنگل کی صبح ان کا انتقال ہوگیا(انا للہ واناالیہ راجعون)مرحومہ کی عمر 69سال تھی۔ انتقال کی اطلاع ملتے ہی الطاف حسین نے ندیم نصرت اوران کے بھائی وسیم نصرت سے فون پرتعزیت کی اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ والدہ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اورانہیں جنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے ، الطا ف حسین نے ندیم نصرت کوتسلی دیتے ہوئے کہاکہ ماں ایک ایسی ہستی ہے کہ جس کاکوئی نعم البدل نہیں اورماں کابچھڑنابہت بڑاصدمہ ہے۔ میں اورتمام کارکنان آپ کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں اورمرحومہ کیلئے دعاگوہیں۔ الطاف حسین نے پاکستان میں ندیم نصرت کی بہنوں روبینہ،رخسانہ اوربھانجی اقصاء اوردیگراہل خانہ سے بھی تعزیت اوردلی ہمدردی کااظہارکیا اورمرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کی۔مرحومہ کی تدفین پاکستان میں ہوگی۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی لندن کو ہدایت کی کہ وہ میت کی پاکستان روانگی کے انتظامات کریں۔انہوں نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروپر رابطہ کمیٹی کوبھی ہدایت کی کہ وہ مرحومہ کی پاکستان میں تدفین کے انتظامات کریں اورمرحومہ کے جنازے میں زیادہ سے زیادہ تعدادمیں کارکنان شرکت کریں۔دریں اثناء قائد تحریک الطاف حسین نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف میچ جیتنے پر پاکستانی ٹیم اور ملک بھر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن کامیابی اسی ٹیم کی ہوتی ہے جو محنت اور لگن سے کھیلے یہ ہی وجہ ہے کہ پاکستانی ٹیم نے اچھے اور شاندار کھیل کر فتح حاصل کی ۔ الطاف حسین نے ایک بار پھر ٹیم کے کپتان، کوچ ،منیجر ، تمام کھلاڑیوں اور ملک کے عوام کو ٹی ٹوائنٹی ورلٹ کپ میں ٹیم کی کامیابی مبار کباد دی ہے۔

مزید خبریں :