Time 06 فروری ، 2025
پاکستان

بلاول بھٹو کی واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت

بلاول بھٹو کی واشنگٹن میں امریکی صدر ٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت
فوٹو: فائل

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ  ٹرمپ کے دعائیہ ناشتے کی تقریب میں شرکت کی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بدھ کو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیشنل پرئیر بریک فاسٹ میں شریک ہوئے۔ 

دعائیہ ناشتے کی یہ تقریب واشنگٹن میں ہوئی جس میں شرکت کیلئے بلاول بھٹو زرداری صبح 7 بجے تقریب میں پہنچے تھے۔ یہ بریک فاسٹ کی تقریب مقامی وقت کے مطابق تقریباً ایک بجے تک جاری رہی۔ 

تقریب میں دنیا بھر سے اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا۔

بلاول بھٹو نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پرئیر بریک فاسٹ میں ایک ایسے موقع پر شرکت کی ہے جب ان کے والد اور صدر پاکستان آصف علی زرداری نے چین میں اپنے ہم منصب شی جن پنگ سے گریٹ ہال میں ملاقات کی اور کہا کہ ہم پہلے چین کے اتحادی ہیں، پھر کسی اور کے۔ 

اس طرح دو عالمی طاقتوں کے شہسواروں کی تقریباً ایک ہی وقت میں ہوئی بیٹھکوں میں پاکستان کے 2 بڑے رہنما شریک ہوئے ہیں اور اس طرح بلاول بھٹو جو حکومت کا حصہ نہیں، سفارتی محاز پر پوری طرح متحرک نظر آئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ بلاول بھٹو اس اہم ناشتے کی تقریب میں شرکت کیلئے پیر کو امریکا پہنچے تھے۔ 

امریکا میں اس ہفتے کئی نیشنل پرئیر اور فیتھ تقاریب منعقد ہورہی ہیں جن میں امریکا کے صدر ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس شریک ہوں گے۔

تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ بلاول بھٹو صدر ٹرمپ کی جانب سے دی گئی کسی تقریب میں شریک ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری 5 روزہ دورے پر چین میں ہیں۔ جہاں بدھ کو ان کی چینی ہم منصب سے ملاقات ہوئی۔


مزید خبریں :