03 اکتوبر ، 2012
راولپنڈی… آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیا نی روس تاریخی اور اہم ترین دورہ پر روانہ ہو گئے ہیں ۔ چار روزہ دورے میں وہ روس کی دفاعی قیادت کے ساتھ سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور روس کی حساس دفاع تنصیبات کا بھی معائنہ کریں گے۔ جنرل اشفاق کیانی کو روس کے اس تاریخی دورہ کی دعوت ان کے روسی ہم منصب جنرل نکولائی میکروف نے دی ہے۔ پاک فوج کے سربراہ چار روزہ دورے میں روسی فوجی قیادت سے قریبی رابطوں کے ساتھ وہاں کی سیاسی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق سیاسی اور فوجی قیادت سے انکی ملاقاتیں اس دورے کی اہمیت کو واضح کرتی ہیں۔ پاک روس آرمی چیفس کے مذاکرات میں دو طرفہ دفاعی تعاون کو وسیع کرنے پر بات چیت ہوگی۔ جنرل اشفاق کیانی کو روسی مسلح افواج اور دفاع کی حساس تنصیبات کے دورے بھی کرائے جائیں گے۔ کسی پاکستانی آرمی چیف کے اس پہلے دورہ روس کو دونوں ممالک کے دفاع تعاون میں بریک تھر و بھی تصور کیا جارہا ہے اور یہ توقع بھی کی جارہی ہے کہ یہ پاک روس تعلقات کے نئے دور کا باعث بن سکتا ہے۔ جنرل اشفاق کیانی کے دورہ میں دو طرفہ تعاون کے ساتھ علاقائی تناظر اور نئی عالمی جہتوں میں بھی تعاون فروغ پائے گا۔ دونوں ملک دفاع شعبے کے ساتھ مواصلات کے شعبے میں تعاون بڑھانے جارہے ہیں اور یہ دونوں ، عالمی دہشت گردی کیخلاف بھی ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔