29 اپریل ، 2021
کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ملزمان کی ہلاکت کا معاملہ مشکوک ہوگیا۔
سی سی ٹی وی وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے پولیس نے دونوں کو زندہ گرفتار کیا، تشدد کانشانہ بھی بنایا، جاں بحق افراد کے لواحقین نے میتوں کے ہمراہ دھرنا دے دیا۔
پولیس کی شیلنگ،مظاہرین نے پولیس سے مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا،پولیس کا الزام ہے کہ ملزمان بھتا خوری کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔
ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق گزشتہ روز پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم علی عرف گرنیڈ زخمی حالت میں گرفتار ہوا تھا۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پی آئی بی کے بلوچ پاڑہ،صوفیہ گراؤنڈ میں چھاپہ مارا گیا جس کے دوران وہاں پر موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4ملزمان زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ 2 ملزم ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے ملزمان کا تعلق گینگ وار، بھتہ خور گروپ احمد علی مگسی سے تھا۔ملزمان پی آئی بی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بھتہ خوری کی وارداتوں کے باعث پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔
ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت عامر اور بلال کے نام سے ہوئی ہےجبکہ زخمی دونوں ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے، ملزمان کے قبضے سے 3 پستول ملے ہیں۔