04 اکتوبر ، 2012
کولمبو … ورلڈ ٹی 20 سیمی فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے، قومی ٹیم میں عبدالرزاق کی جگہ سہیل تنویر کو شامل کیا گیا ہے۔ کولمبو کے پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ ٹی 20 کرکٹ کے پہلے سیمی فائنل میں میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستانی کپتان محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹاس ہارنے سے فرق نہیں پڑتا، ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ ہی کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ایونٹ اچھا کھیلا ہے، آج بھی مایوس نہیں کریں گے، ہر میچ کو مختلف مقابلہ سمجھ کر تیاری کی ہے۔ سری لنکن کپتان کا کہناہے کہ اہم میچ ہے جیت ہی ہدف ہوگا۔ اسے قبل شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم بڑے اور اہم میچز میں اچھا کھیلتی ہے، آسٹریلیا کے خلاف جس طرح محنت سے کھیلے اسی طرح سیمی فائنل میں کھیلناہوگا، مجھ سے بیٹنگ اچھی نہیں ہورہی لیکن اچھی کارکردگی کیلیے پْراعتماد ہوں، میری فارم اچھی نہیں لیکن پھر بھی خود کوسنبھالا ہوا ہے۔ قومی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کپتان محمد حفیظ، عمران نذیر، ناصر جمشید، کامران اکمل، شعیب ملک، عمر اکمل، شاہد آفریدی، عمر گل، سہیل تنویر، سعید اجمل، رضا حسن۔ سری لنکن ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے نام یہ ہیں۔ کپتان مہیلا جے وردنے، تلکارتنے دلشان، کمار سنگاکارا، انجیلو میتھیوز، جیون مینڈس، لہیرو تھریمانے، تھیسارا پریرا، کولا سیکارا، لسیتھ مالنگا، رنگانا ہیراتھ، اجنتھا مینڈس۔