کھیل
04 اکتوبر ، 2012

ورلڈ ٹی 20 سیمی فائنل: سری لنکا کا پاکستان کو 140 رنز کا ہدف

ورلڈ ٹی 20 سیمی فائنل: سری لنکا کا پاکستان کو 140 رنز کا ہدف

کولمبو … ورلڈ ٹی 20 کے پہلے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کیلئے 140 رنز کا ہدف دیا ہے، عمر گل کے آخری اوور میں 16 رنز بنے۔ کولمبو کے پریما داسا انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ پر 139 رنز بنائے۔ اوپنرز مہیلا جے وردنے اور تلکا رتنے دلشان نے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا ،کپتان جے وردنے 36 گیندوں پر 42 رنز بنا کر شاہد آفریدی کا شکار بنے ان کا کیچ رضا حسن نے لیا، تلکا رتنے دلشان کو 35 رنز پر عمر گل نے ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین بھیجا، کوئی بھی سری لنکن بیٹسمین پاکستانی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکا ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کمار سنگاکارا کو 18 کے اسکور پر کپتان محمد حفیظ نے شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ کرا کر واپسی کی راہ دکھائی، 15 رن بنانے والے جیون مینڈس کو کامران اکمل نے سعید اجمل کی وائیڈ گیند پر اسٹمپ کیا۔ تھسارا پریرا اور انجیلو میتھیو نے آخری وکٹ کیلئے 21 رنز کی شراکت قائم کی اور عمر گل کے 20 ویں اوور میں 16 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 139 تک پہنچایا۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی، سعید اجمل، محمد حفیظ اور عمر گل نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٴٹ کیا۔

مزید خبریں :