04 اکتوبر ، 2012
کولمبو…ورلڈ ٹی 20کے سیمی فائنل میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 16 رنز سے ہرا کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا،کپتان مہیلا جے وردھنے کو انکی شاندار بیٹنگ اور جہاندیدہ کپتانی کے جوہر دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔اس سے قبل سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردھنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ہر حساب سے سود مند ثابت ہوا ،اور آئی لینڈرز نے 139کا مجموعہ ترتیب دیا جو کہ کرکٹ پنڈتوں کے مطابق اس گراؤنڈ پر کافی مناسب مجموعہ تھا،جواب میں پاکستان کی ٹیم نے صورتحال کی نزاکت کو پیش نظر رکھے بغیر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کیا، خاصکر کپتان حفیظ 42صر ف نام کے ہی پروفیسر نکلے ، اور بار بار چانس ملنے کے باوجود انھوں نے اسکا فائدہ نہ اٹھایا اور یہ جانتے ہوئے بھی کہ انکے بعد آؤٹ آف فارم شاہد آفریدی کو آنا ہے انھوں نے خود کو وکٹ پر روکے نہ رکھا اور اپنی وکٹ سری لنکنز کو زبردستی تھماکر پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے کپتان حفیظ کے علاوہ صرف عمراکمل 29اور عمران نذیر 20ہی قابلذکر بیٹسمین تھے۔جبکہ انکے کوئی اوربلے باز ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکا، اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم اپنے مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 123تک محدود رہی۔سری لنکا کی جانب سے ہیراتھ سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے اور انھوں نے تین وکٹ حاصل کیے، جبکہ اجنتھامینڈس اور میتھوز نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔