سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی کا معاملہ، یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا شہباز گِل کو جواب

پیپلز پارٹی کے سینیٹر  یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ سیکرٹریٹ کی گاڑی کے غلط استعمال کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گِل اور یوسف رضا گیلانی کے بیٹے قاسم گیلانی آمنے سامنے آگئے ہیں۔

قاسم گیلانی نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کو جواب دیا ہے، قاسم گیلانی کا کہنا ہے کہ شہبازگل اور پی ٹی آئی کے ٹرولرز نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف گھٹیا مہم چلائی، گاڑی سینیٹ سیکرٹریٹ کی ملکیت ہے، گاڑی کا ڈرائیور  بغیر یوسف رضا گیلانی سے پو چھے دوسرے ڈرائیور کو اڈے پر اتارنے گیا۔ ایک ڈرائیور سینیٹ سیکرٹریٹ کا اور دوسرا اسٹبلشمنٹ ڈویژن کا ہے، یوسف رضا گیلانی کا معاملے سے کوئی تعلق نہیں، ڈرائیور کے خلاف ایکشن لینا ہے تو سینیٹ سیکرٹریٹ لے گا۔

قاسم گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخی کرپٹ ترین حکومت کوملازمین کا گاڑی کا غیرقانونی استعمال نظر آتا ہے کرپشن نہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں بس اڈے پر سرکاری گاڑی کھڑی ہونے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی،  ویڈیو بنانے والے نے دعویٰ کیا کہ گاڑی کا ڈرائیور اڈے پر مسافروں کو ساتھ لے جانے کے لیے زیادہ کرایہ مانگ رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا کہ گاڑی اپوزیشن لیڈر سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی ہے۔ پھر معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے سوشل میڈیا کے ذریعے الزام لگایا کہ یوسف رضا گیلانی سرکاری گاڑی کو بطور ٹیکسی استعمال کر رہے ہیں۔

اسی دوران گاڑی کے ڈرائیور کا مؤقف بھی بذریعہ ویڈیو بھی سامنے آ گیا۔

مزید خبریں :