دنیا
Time 16 مئی ، 2021

بھارت میں کورونا سے مزید 4 ہزار افراد ہلاک ہوگئے

کورونا وائرس نے بھارت کو بری طرح سے لپیٹ میں لے رکھا ہے، 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 ہزار افراد کورونا سے ہلاک ہوگئے۔

بھارت میں  مزید 3 لاکھ سے زیادہ افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد دارالحکومت  نئی دہلی میں  لاک ڈاؤن ایک ہفتے کے لیے بڑھادیا گیا جب کہ ممبئی میں مسلمانوں کے قبرستان میں گنجائش ختم ہوگئی ہے۔

ساتھ ہی کورونا ویکسی نیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے اور روس سے اسپوتنک ویکسین کی دوسری کھیپ بھارت پہنچا دی گئی ہے۔

خیال رہےکہ بھارت دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا نیا مرکز بن گیا ہے جہاں وبا سے اب تک ڈھائی کروڑ کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 43 لاکھ سے زائد جبکہ کورونا سےاموات 2 لاکھ 66 ہزار ہو چکی ہیں۔

ادھر میڈیا رپورٹس کے مطابق چنئی میں دواؤں کی فراہمی کے لیے لوگوں نے احتجاج کیا جب کہ دہلی میں مودی مخالف پوسٹرز لگانے پر 15 افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔

دوسری جانب برطانوی صحافی کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے برطانیہ نے پہلے بھارت سے پروازیں بند نہیں کیں کیونکہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو ناراض نہیں کرنا چاہتے تھے۔