کارڈ کی طرح بنائی جانے والی دنیا کی منفرد لپ اسٹک

فوٹو: غیر ملکی میڈیا

خواتین کے میک اپ میں لپ اسٹک کو بنیادی ضرورت سمجھا جاتا ہے جو عموماً گول ہوتی ہے تاکہ اسے آسانی سے لگایا جاسکے لیکن اب لپ اسٹک کو ایسے انداز میں تخلیق کیا گیا ہے کہ خواتین کے لیے اس کی پہچان کرنا مشکل ہے۔

کارڈ کی طرح دکھنے والی لپ اسٹک کو ڈیزائنر یورو زانگ کی جانب سے بنایا گیا ہے جنہوں نے اس مہارت کی وجہ سے بہترین ڈیزائن کا مقابلہ بھی جیتا ہے۔

کارڈ کی طرح بنائی جانے والی اس لپ اسٹک کو 'یانزی' نام دیا گیا ہے جسے بنانے کیلئے شیٹ اور رنگوں کا استعمال کیا گیا، اسے لگانے کیلئے محض رنگ دار حصے کو ہونٹوں پر رگڑنا ہوگا جس کے بعد لپ اسٹک لگ جائے گی۔

ڈیزائنر یورو زانگ نے بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے چین کی قدیم روایات سے متاثر ہوکر لپ اسٹک کا یہ ڈیزائن بنایا، پہلے زمانے میں خواتین اسی طرح سے اپنے ہونٹوں کو رنگا کرتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد پرانی چیزوں کو نئے طرز پر بنا کر حالیہ دور کے افراد کیلئے متعارف کروانا ہے۔

یانزی نامی لپ اسٹک مارکیٹ میں کب تک آئے گی اور لوگ اسے خرید سکیں گے یا نہیں فی الحال اس حوالے سے کوئی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔