فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد سندھ اسمبلی سے متفقہ طورپر منظور

سندھ اسمبلی نے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف قرار داد متفقہ طورپر منظور کرلی۔

سندھ اسمبلی میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف متفقہ قرار داد پیش کی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے قرارداد پیش کرنے کیلئے ایوان کا ایجنڈہ ملتوی کرنے کیلئے تحریک التوا پیش کی۔

ایم کیوایم کی منگلا شرما نے قرارداد پڑھی جسمیں بہادرفلسطینیوں کی جرات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی تحریک لبیک کی جانب سے اسرائیل کے خلاف جہاد کے اعلان کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر ریاستی دہشتگردی کررہا ہے، اسرائیل ایک دہشت گرد ملک ہے، نہتے فلسطینیوں کو شہید کیا گیا جن میں بچے بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین میں پاکستان کا کردار ناکافی ہے، ہمیں سفارتی سطح پر فلسطینیوں کیلئے کردار ادا کرنا ہے، وفاق مضبوط مؤقف لے کر دنیا کے سامنے جائے پوری قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

قرارداد پر پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی، ایم ایم اے کے سید عبدالرشید، ایم کیو ایم کے کنور نوید جمیل، صوبائی وزرا سعید غنی اور شہلا رضا سمیت دیگر اراکین نے بھی اظہار خیال کیا۔ 

صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے صحافیوں اور میڈیا پرسنز کے تحفظ کا بل ایوان میں پیش کیا جسے اسٹیرنگ کمیٹی کو بھیج دیا۔ اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کردیا۔

مزید خبریں :