30 اپریل ، 2024
بھارتی ریاست اترپردیش کے ایک اسکول نے بچوں کو گرمی اور ہیٹ ویو سے بچانے کیلئے کلاس روم کو سوئمنگ پول میں بدل دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے بہت سے اضلاع میں ان دنوں گرمی کی شدت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گئی ہے اور ایسے میں قنوج شہر کے ایک اسکول نے ہیٹ ویو کا مقابلہ کرنے اور بچوں کی حاضری کو برقرار رکھنے کیلئے کلاس روم کو سوئمنگ پول میں تبدیل کردیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پرائمری اسکول میں بنائے گئے ایک مصنوعی سوئمنگ پول میں وہاں پڑھنے والے بچوں کو بے فکری کے ساتھ کھیلتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسکول پرنسپل ویبھو راجپوت کا کہنا ہےکہ شدیدگرمی کی وجہ سے بچوں کی حاضری میں کمی ہوگئی تھی جس کی وجہ سے اسکول انتظامیہ نے یہ قدم اٹھایا۔
پرنسپل نے کہا کہ اب بچوں نے پھر سے اسکول آنا شروع کردیا ہے اور وہ کلاس روم میں بنائےگئے سوئمنگ پول میں پڑھنےکے ساتھ ساتھ لطف اندوز بھی ہوتے ہیں۔