22 مئی ، 2021
کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر لاک ڈاؤن کیلئے پولیس افسران سے تجاویز طلب کر لی گئیں۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی میں انتہائی سخت لاک ڈاؤن متوقع ہے اور اس حوالے سے ذرائع بتاتے ہیں کہ سخت لاک ڈاؤن گزشتہ سال کی طرز کا ہوسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیئر پولیس افسران سے سفارشات طلب کر لی گئی ہیں اور فیصلے کا اطلاق ابتدائی طور پر کراچی میں ہوسکتا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پولیس افسران نے سینیئر حکام سے بجٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کے بغیر لاک ڈاؤن پولیس کیلئے کمائی کا دھندہ بن سکتا ہے، گزشتہ لاک ڈاؤن میں پولیس کو بجٹ دیا گیا تھا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اب تک 24 پولیس اہلکار کورونا کا شکار ہوکر شہید ہوچکے ہیں، حکومت سندھ نے کورونا ڈیوٹیز کے دوران شہید ہونے والوں کیلئے 10 لاکھ امداد کا اعلان کیا تھا تاہم تاحال کسی بھی پولیس اہلکار کو یہ امدادی رقم نہیں مل سکی ہے۔
ذرائع مزید دعوی کرتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج یا کل ہوسکتا ہے اور اطلاق بھی جلد ممکن ہے۔