02 جون ، 2021
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) 6 کے بقیہ میچز کا آغاز کب سے ہوگا یہ فیصلہ تو اب تک نہ ہوسکا لیکن کھلاڑیوں کی میدانوں میں واپسی شروع ہوگئی ہے، ابوظبی پہنچنے کے بعد ابتدائی قرنطینہ مکمل کرنے والے پلیئرز نے ٹریننگ کیلئے شیخ زاید اسٹیڈیم کا رخ کرلیا۔
پی ایس ایل کے بقیہ میچز کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں نے بدھ کی شام ٹریننگ کی۔
شیخ زاید اسٹیڈیم میں دونوں ٹیمو ں کے کھلاڑیوں نے تقریباً تین گھنٹے ٹریننگ کی، کھلاڑیوں کو میدان میں آنے کا یہ موقع سات روز تک کمروں میں محدود رہنے کے بعد میسر آیا ہے۔ 27 مئی کو چارٹرڈ فلائٹس سے پہنچنے والے افراد کا قرنطینہ بدھ کو مکمل ہوگیا جس کے بعد کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت ملی۔
ٹریننگ بائیو سیکیور ماحول میں ہوئی اور اس میں باہر کے کسی شخص کا داخلہ ممکن نہ تھا۔ کھلاڑیوں نے میدان میں مختلف ڈرلز کیں اورخود کو کنڈیشنز سے ہم آہنگ کرنے کی کوششوں کا آغاز کیا۔
پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز یو اے ای میں ہونا ہیں لیکن یہ میچز کب ہوں گے اس کا فیصلہ ابھی ہونا باقی ہے، پی سی بی کی خواہش ہے کہ ان میچز کا آغاز 7 جون سے کردیا جائے لیکن اگر معاملات طے نہ ہوئے تو میچز 9 جون سے شروع کرنا پڑسکتے ہیں۔