03 جون ، 2021
مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا نے الیکڑانک ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم (اوورسیز)پاکستانیوں کو حق رائے دہی دینےکا آرڈیننس اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ۔
لیگی ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا نے عمر گیلانی ایڈووکیٹ کے ذریعے آرڈیننس کو چیلنج کیا جس میں صدر مملکت، وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سیکرٹری قانون و انصاف کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آرڈیننس کے ذریعے ووٹ دینے کا حق غیر آئینی و غیر قانونی اور صدارتی آرڈیننس کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 مئی کو آرڈیننس جاری کیا، اہم نوعیت کی قانون سازی سے متعلق عوام یا عوامی نمائندوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، حکومت نے آرڈیننس جاری کرنا معمول بنا لیا ہے، 24ستمبر 2018 سے اب تک حکومت 54 سے زائد صدارتی آرڈیننس جاری کرچکی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ پی ایم ڈی سی کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ واضح کرچکی ہے کہ کن حالات میں صدارتی آرڈیننس جاری ہوسکتا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق کل درخواست کی سماعت کریں گے۔