پاکستان
07 اکتوبر ، 2012

تحریک انصاف کا امن مارچ ٹانک پہنچ گیا

تحریک انصاف کا امن مارچ ٹانک پہنچ گیا

ٹانک… ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا امن مارچ ٹانک پہنچ گیا ہے۔ مارچ کا پھیلاوٴ 25 کلومیٹر تک ہے جس کا پہلا حصہ مانجھی خیل چیک پوسٹ سے رکاوٹیں ہٹاتا ہوا ٹانک پہنچ گیا ہے۔ وزیرستان امن مارچ گزشتہ روز عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد سے چلا تھا جو میانوالی اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہوتا ہوا گذشتہ روز ہتھالہ کیمپ پہنچا اور آج صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے وزیرستان کے لئے روانہ ہوا۔ اس وقت امن مارچ کی قیادت عمران خان، شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، خورشید محمود قصوری،جہانگیر ترین اور شفقت محمود کر رہے ہیں۔ امن مارچ میں امریکا سے آئے ہوئے لوگوں کا گروپ بھی موجود ہے۔ اس سے قبل امن مارچ کو ضلع ٹانک میں دربار عالیہ میاں محرم سلطان کے مقام پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے روکا گیا، تاہم شرکاء رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے آگے بڑھ گئے ۔ مارچ کو وزیرستان میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے دوسری بڑی رکاوٹ مانجھی خیل چیک پوسٹ پر لگائی گئی جہاں بڑے بڑے کنٹینرز رکھے گئے تاہم تحریک انصاف کے نمائندوں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مزاکرات جاری تھے کہ امن مارچ کے شرکاء نے رکاوٹوں کے طور پر کھڑے کئے گئے کنٹینرز ہٹا دیئے اور ٹانک کی جانب رواں دواں ہو گئے، جہاں اب سے تھوڑی دیر پہلے قافلے کے شرکاء ٹانک شہر پہنچ گئے ہیں جہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ٹانک آمد پر شرکاء کا مقامی افراد نے استقبال کیا۔ مقامی انتظامیہ کا اصرار ہے کہ ریلی کو ٹانک سے آگے نہیں جانے دیا جائے گا جبکہ چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ کوٹ کئی تک جانا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :