کھیل
07 اکتوبر ، 2012

ورلڈ ٹی 20 فائنل: ویسٹ انڈیز کا سری لنکا کو 138 رنز کا ہدف

ورلڈ ٹی 20 فائنل: ویسٹ انڈیز کا سری لنکا کو 138 رنز کا ہدف

کولمبو … ورلڈ ٹی 20 فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو جیت کیلئے 138 رنز کا ہدف دیا ہے، مارلن سموئلز نے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، اجتنا مینڈس نے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ کولمبو کے پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مارلن سموئلز کے ذمہ دارانہ 78 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 137 رنز بنائے۔ میزبان سری لنکا کے خلاف کیریبین سائیڈ ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار نظر آئی اور پہلے اوور کی پانچویں گیند پر اوپنر جونسن چارلس بغیر کوئی رن بنائے کولا سیکارا کو میتھیوز کی گیند پر کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے، آسٹریلیا کے خلاف دھواں دار اننگز کھیلنے والے کرس گیل بھی سری لنکن بولرز کے آگے بے بس نظر آئے اور 16گیندوں پر محض 3 رنز بنا کر اجتنا مینڈس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد ڈیوائن براوو اور مارلن سموئلز کے درمیان 59 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی تاہم براوو 19 رنز بنا کر مینڈس کا شکار بن گئے۔ مارلن سموئلز سری لنکن بولرز کے سامنے ڈٹے رہے تاہم دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، کیرن پولارڈ 2 اور آندرے رسل 0 بھی مینڈس کے ہاتھوں واپسی پر مجبور ہوگئے۔ مارلن سموئلز 18 ویں اوور میں 56 گیندوں پر 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنا کر نو آموز اسپنر اکیلا داننجایا کو چھکا لگانے کی کوشش میں مینڈس کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ کپتان ڈیرن سامے 26 اور دنیش رامدین 4 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ سری لنکن بولرز اجتنا مینڈس نے 4 ، میتھیوز اور داننجایا نے ایک ایک وکٹ لی۔

مزید خبریں :