14 فروری ، 2012
کراچی…بلوچ رہنما حیدر ہیربیار مری نے سوئزر لینڈ میں نواب زادہ برہمداغ بگٹی سے ان کی بہن اور بھانجی کے قتل پر تعزیت کی ،دونوں رہنماوٴں نے بلوچستان کے حالات ،سیاسی امور اور بلوچستان لبریشن چارٹرکے بارے میں بات چیت کی۔31 جنوری کو برہمداغ بگٹی کی بہن اور بھانجی کو کراچی میں شہید کردیا تھا۔ہیر بیار مری نے نوابزادہ برہمداد بگٹی سے تعزیت کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماوٴں کے درمیان بلوچستان کے حالات اور بلوچستان لبریشن چارٹرکے بارے میں بھی بات چیت ہوئی۔ہیربیار نے چارٹر اور اس پر اب تک کئے گئے کام کے متعلق آگاہ کیا۔دونوں رہنماوٴں نے کہا کہ یہ چارٹر بلوچ قوم کو متحد اور قومی تحریک مزید منظم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بلوچ قوم میں اتحاد اور اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہیربیار مری جلد ہی دوسرے بلوچ رہنماوٴں سے رابطہ کرینگے اور ان کی تجاویز کے لئے چارٹر اُنہیں دیں گے۔رہنماوٴں کا کہناتھا کہ منظم طریقے سے بلوچ آزادی کی تحریک کو دنیا کے سامنے واضح الفاظ میں پیش کرنا ہوگا،بلوچستان لبریشن چارٹر کے ذریعہ عالمی برادری کو باور کرانا ہوگا کہ آزاد بلوچستان خطے میں استحکام اور دنیا میں امن کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ تمام مہذب ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہوگا۔