09 اکتوبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ معصوم ملالہ یوسف زئی کوخون میں نہلانے والے دہشت گردانسان نہیں درندے ہیں اور انسانیت پریقین رکھنے والے تمام پاکستانیوں کوان درندہ صفت عناصرکے خلاف متحدہوجاناچاہیے۔ انہوں نے یہ بات آج شام رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ ملالہ یوسف زئی قوم کی وہ بہادربیٹی ہے جس نے ایک ایسے وقت میں جبکہ طالبان کی جانب سے سوات اور خیبر پختونخوا کے دیگرعلاقوں میں لڑکیوں کے اسکول اورکالج دھماکہ خیزمواد سے اڑائے اور جلائے جارہے تھے اورظلم وبربریت کابازارگرم تھاملالہ نے وحشت وبربریت کے اس ماحول میں جرات وبہادری کامظاہرہ کرتے ہوئے سوات میں علم کی شمع جلائی اوردیگربچوں کوبھی علم کی جانب راغب کیا۔آج دہشت گردوں نے اس معصوم بچی کو اپنی بے رحم گولیوں کانشانہ بناکراس کی آوازکودبانے کی کوشش کی ۔ الطاف حسین نے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملالہ پرنہیں بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے اور جن بزدل دہشت گردوں نے اس معصوم بچی کوخون میں نہلایا ہے وہ انسان نہیں بلکہ درندے ہیں ، انسانوں کوکھانے والے بھیڑیئے ہیں ، وقت آگیاہے کہ انسانیت پریقین رکھنے والے تمام پاکستانی جواپنے ملک کو انسانوں کامعاشرہ بنانا چاہتے ہیں اورانسانوں کیلئے جینے کاحق چاہتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ بھی ملالہ کی طرح جراتمندی کامظاہرہ کرتے ہوئے خاموشی کاقفل توڑ ڈالیں اور ان درندہ صفت دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیواربنکر ملک کوان درندوں سے نجات دلانے کیلئے میدان عمل میں آجائیں۔ الطاف حسین نے اللہ تعالیٰ سے دعاکی کہ وہ ملالہ یوسف زئی کوزندگی دے، اس کوجلدازجلدصحتیاب کرے اوراسے خون میں نہلانے والے درندہ صفت دہشت گردوں پر اپنا عذاب نازل کرے۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ بھی ملالہ یوسف زئی کی زندگی اورصحت کیلئے دعاکریں۔