پاکستان
09 اکتوبر ، 2012

ساف انڈر 14 فٹ بال :پاکستانی ٹیم نے جاپان کو 1-0 کی شکست دیدی

کراچی … شکیل یامین کانگا…پاکستانی ٹیم نے جاپان میں کھیلی جانے والی ساف انڈر 14 فٹ بال ایکسچینج پروگرام سیریز میں جاپانی ٹیم کو 1-0 کی شکست دیدی۔ جاپان میں کھیلی جانے والی سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستانی انڈر 14 نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مقامی ٹیم کو گول کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔ میچ کا واحد گول بابر سعید نے کھیل کے 9 ویں منٹ میں اسکور کیا۔ سیریز میں پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ بدھ کو سری لنکا کے خلاف جبکہ تیسرا میچ مالدیپ کے خلاف جمعرات کو کھیلے گی۔دریں اثناء دفاعی چیمپئن ینگ رائزنگ نے پاکستان واپڈا کو شکست دیکر نیشنل ویمنز فٹ بال چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ مقررہ وقت تک بغیر کسی گول کے برابر رہا جس پر میچ کا فیصلہ سڈن ڈیتھ پینلٹی شوٹ پر کیا گیا۔ ینگ رائزنگ کی ٹیم نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کئے۔ فائنل کے مہمان خصوصی امریکا کے ثقافتی اتاشی رابرٹ رینز تھے جنہوں نے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، چیئرپرسن پاکستان پی ایف ایف ویمنز کمیٹی روبینہ عرفان، ڈائریکٹر کمپی ٹیشن پرویز سعید میر اور دیگر بھی موجود تھے۔اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلکس میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے فائنل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا اس طرح میچ مقررہ وقت ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔ اس کے ایکسٹرا ٹائم میں دونوں ٹیموں کو دس دس منٹ کے دو ہاف دیئے گئے۔ اس میں بھی دونوں ٹیمیں بھی گول نہ کرسکیں جس پر سڈن ڈیتھ پر پینلٹی ککس دی گئیں اس موقع پر ینگ رائزنگ نے مقابلہ 2-0 سے جیت لیا۔ ینگ رائزنگ کی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر خوبصورت ٹرافی اور تین لاکھ روپے کی انعامی رقم جبکہ رنرز اپ پاکستان واپڈا کو ٹرافی اور دو لاکھ روپے کی رقم دی گئی۔ بلوچستان یونائٹڈ کی ٹیم کو تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر ٹرافی اور ڈیڑھ لاکھ روپے کی انعامی رقم، فیئر پلے ٹرافی اور چالیس ہزار روپے کی رقم وہاڑی یونائٹڈ کو دی گئی۔ سیدہ ماہ پارہ (ینگ رائزنگ) کو بہترین گول کیپر چالیس ہزار اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی (مشا داؤد ٹرافی) اسمارہ حبیب (ینگ رائزنگ) کو قرار دیتے ہوئے پچاس ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز دیا ویمنز کی حاجرہ خان کو حاصل رہا۔ انہیں چالیس ہزار روپے دیئے گئے۔ ٹورنامنٹ کا بہترین ریفری عمران حسین، کراچی کو قرار دیا گیا اور انہیں تیس ہزار روپے جبکہ بہترین اسسٹنٹ ریفری فی میل یاسمین زمین کو پندرہ ہزار روپے کی انعامی رقم دی گئی۔

مزید خبریں :