01 جولائی ، 2021
کراچی میں ڈکیتی مزاحمت کی عام واردات میں آئی ٹی کے ماہر نوجوان کے بہیمانہ قتل میں پولیس تفتیش میں غیرمعمولی پیش رفت ہوئی ہے۔
کراچی شرقی کے علاقے صفورہ میں آئی ٹی کے ماہر کروڑپتی نوجوان شہباز نتھوانی کو تین ہفتے قبل بیوی اور کم سن بچی کے سامنے کار میں جاتے ہوئے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔
اس تفتیش میں پولیس نے غیر معمولی کامیابی حاصل کرلی ہے, پولیس کے مطابق کریم آباد کے رہائشی شہباز نتھوانی کی اہلیہ نجی تنازع پر شوہر سے ناراض ہوکر والدین کے گھر چلی گئی تھی۔
شہباز کے کاروباری پارٹنر اور برادر نسبتی شاہ رخ نے دونوں کے مابین صلح کرانے کیلئے اسے صفورا میں واقع اپنے گھر بلوایا تھا, شہباز کے والد شبیر کے مطابق ان کا بیٹا 6 جون کی رات ساڑھے 11 بجے بیوی اور بچی کو لینے کیلئے اسکیم 33 گلزار ہجری صفورا گیا تھا، دونوں میاں بیوی 6 سالہ بچی کے ساتھ صبح سوا 5 بجے شاہ رخ کے گھر سے اپنے گھر کیلئے روانہ ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق کار مقتول کی اہلیہ دانیہ چلا رہی تھیں، ان کا شوہر برابر کی نشست جبکہ 6 سالہ بچی پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھی کہ روانگی کے ایک منٹ بعد مرکزی شاہراہ کے ویران مقام پر کھڑے ایک ملزم نے اسلحہ کے زور پر روک کر شہباز کو نشانہ پر گولیاں چلائیں جس سے شہباز زخمی ہوا جسے ان کی اہلیہ ایک کار سوار کی مدد سے لے کر نجی اسپتال پہنچی جہاں پہنچنے تک شہباز کی موت واقع ہوچکی تھی۔
ڈی آئی جی ایسٹ ثاقب اسماعیل میمن کے مطابق شہباز نتھوانی کے قتل کی واردات پر باریک بینی سے کام جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے پولیس کی 3 تفتیشی ٹیمیں کام کر رہی ہیں، جنہوں نے واردات کا سراغ لگانے کے لیے غیرمعمولی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
مقتول کے والد شبیر کے مطابق ان کا بیٹا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ماہر تھا جو تین کمپنیاں چلاتا تھا اس کے قتل کو 3 ہفتے گذر جانے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی۔
پولیس کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان جس گاڑی میں سوار تھے پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے سراغ لگا لیا ہے۔ پولیس کے مطابق سیاہ رنگ کی ہنڈا سوک کار واردات سے 4 گھنٹے قبل تک اس علاقے میں موجود رہی۔ مقتول شہباز جس جگہ اپنے برادر نسبتی کے فلیٹ پر آیا، سیاہ کار تین گھنٹے باہر کھڑی رہی۔ اپارٹمنٹ چوکیدار کے بیان کے مطابق کار سواروں کو مشکوک جان کر انہوں نے باز پرس کی تو وہ کار لے دور چلے گئے۔
چوکیداروں کے مطابق شہباز فلیٹ سے اتر کر اہلیہ کے ساتھ کار میں بیٹھ رہا تھا تو مشکوک گاڑی والے آگے چلے گئے، پولیس کے مطابق کار کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ملزم نے فائرنگ کی، پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کے حوالے سے بتایا کہ واردات کے بعد گاڑی بڑی تیزی سے سعدی ٹاؤن کی طرف گئی، سی سی ٹی وی میں گاڑی کو سعدی ٹاؤن میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کے مطابق پورے علاقے میں مخبری کا نظام پھیلا دیا گیا ہے اور ملزمان گاڑی کی تلاش جاری ہے۔