پاکستان
Time 02 جولائی ، 2021

پنجاب میں کورونا ویکسین کی 38 ہزار سے زائد خوراکیں ضائع ہونے کا انکشاف

فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور: پنجاب میں کورونا ویکسین کی 38 ہزار سے زائد خوراکیں مبینہ طورپر ضائع ہو نے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع محکمہ صحت کے مطابق  سب سے زیادہ ویکسین لاہور میں ضائع ہوئی جس کی تعداد 2 ہزار 959  ہے، اس کے علاوہ منڈی بہاؤالدین میں 1265 خوراکیں، بہاولنگر 1170،  بہاولپور 1140، چکوال 1111، ساہیوال 1132، سرگودھا 1015،  گوجرانوالہ 1085،جہلم 1098، مظفر گڑھ 1096، ملتان 1045 اور لودھراں میں 1040ویکسین کی خوراکیں ضائع ہوئیں۔

ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ  ضائع ہونے والی ویکسین میں ہر برانڈ کی ویکسین شامل تھی  جو نامناسب درجہ حرارت اور مقررہ وقت پر نہ لگنے کے باعث ضائع ہوئیں۔

دوسری جانب وزیر صحت یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پورا اسٹا ک موجود ہے اور ویکسین ضائع نہیں ہوئی ۔

علاوہ ازیں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر سارہ اسلم نے کورونا ویکسین ضائع ہونے سے متعلق مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ  ویکسی نیشن مہم میں ہونے والی معمول کی خوراکوں کے ضائع  ہونے والے اعداد و شمارکو غلط پیش کیا جارہا ہے، یہ اعداد و شمار 5 ماہ میں ہونے والی معمول کی ضائع ہونے والی خوراکوں کے نمبرز ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر این سی او سی کو بھیجے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا ویکسین کی خوراکوں کا ضائع ہونا  کل سپلائی کا 0.37 فیصد ہے۔


مزید خبریں :