02 جولائی ، 2021
خلیجی ممالک اور ترکی میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا معاملہ پیچیدہ ہوگیا ہے ۔
قطر ،متحدہ عرب امارات اور ترکی کے ائیرپورٹس پر پروازیں منسوخ ہونے سے ہزاروں پاکستانی کئی دنوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔
پی آئی اے نے خلیجی ممالک کیلئے اضافی پروازیں چلانے اور عید سے پہلے تمام پاکستانی مسافروں کو وطن واپس لانے کا اعلان کیا ہے۔
قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی کی وجہ سے یورپ ، برطانیہ اور امریکا سمیت کئی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کیلئے وطن آنے جانے کا انحصار اب صرف غیر ملکی ائیرلائنز کی پروازوں پر ہے۔
کورونا ایس او پیز کے تحت این سی او سی کی ہدایت پر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیرلائنز کو پاکستان کیلئے صرف 20 فیصد پروازوں کی اجازت دے رکھی ہے۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق اس پابندی کے باوجود ترکی اور خلیجی ائیرلائنز نے بد دیانتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہت بڑی تعداد میں پاکستان کیلئے پروازوں کے ٹکٹ فروخت کیے، عید وطن میں منانے کیلئے امریکا ، برطانیہ اور یورپ میں موجود پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں ترکش ائیرلائن ، امارات ، اتحاد ائیرویز ، فلائی دبئی اور قطر ائیرویز سمیت خلیجی ائیرلائنز کے ٹکٹ خریدے۔
بحران اس وقت سامنے آیا جب ان ائیرلائنز نے ٹرانزٹ پاکستانی مسافروں کو استنبول ،دوحہ، دبئی ، ابوظبی اور بحرین سمیت مختلف ائیرپورٹس تک تو پہنچادیا لیکن پروازوں کی محدود تعداد کی وجہ سے اب ان مسافروں کو پاکستان کیلئے پروازیں نہیں مل رہیں اور یہ پاکستانی مسافر جن میں خواتین بچے اور ضعیف العمر افراد بھی شامل ہیں، کئی دنوں سے غیر ملکی ائیرپورٹس پر پڑے ہیں،غیر ملکی ائیرلائنز نہ تو پاکستانی مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کر رہی ہیں اور نہ ہی رہائش اور کھانا فراہم کر رہی ہیں۔
ادھر پی آئی اے نے ان پریشان حال پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کیلئے دوحہ اور بحرین کیلئے فوری طور پر اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی حالیہ ہفتوں میں پروازوں کی منسوخی پر قطر ائیر ویز ، ترکش ائیرلائن، امارات ائیر لائن ، اتحاد ائیر ویز اور فلائی دبئی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں ۔
سی اے اے ترجمان کے مطابق غیرملکی ائیرلائنز کو کہا گیا ہے کہ پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پرواز وں اور رہائش کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور مسافروں کو ٹکٹوں کی رقوم واپس اور ہونے والے نقصانات کا معاوضہ دیا جائے ۔
وا ضح رہے کہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ائیر لائنز کو 8 جولائی تک مسافروں کے تمام مسائل حل کرنے کی مہلت دی ہے۔