دنیا
10 اکتوبر ، 2012

ترک شہریوں کی اکثریت شام کے ساتھ جنگ کی مخالف

انقرہ…ترک وزیراعظم کے چیف مشیر ابراہیم کلن‘ رکن پارلیمنٹ ایکان اردمیر اور 76 فیصد ترک عوام نے شام کے ساتھ جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام کے ساتھ جنگ سنگین غلطی ہوگی۔ترکی میں حالیہ ملک گیر سروے کے دوران 76 فیصد عوام نے شام میں ترکی کی یکطرفہ مداخلت کی مخالفت کی۔ صرف 17 فیصد لوگوں نے ترکی کی جانب سے بشار الاسد حکومت کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کی۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان کے چیف مشیر ابراہیم کلن نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم شام کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے‘ جنگ دونوں ملکوں کے لئے یکساں تباہ کن ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ترکی بفر زون کے قیام کے لئے اپنا مطالبہ جاری رکھے گا۔ اپوزیشن جماعت ریپبلکن پیپلز پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایکان اردمیر نے چینی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ اگر ترکی نے شام کے ساتھ جنگ کا آغاز کیا تو دونوں ملکوں کے لئے تباہی کا باعث بنے گی۔ اس سے ترکی کا سماجی استحکام‘ اقتصادی ترقی اور جمہوری عمل بری طرح متاثر ہوگا۔

مزید خبریں :