پاکستان
10 اکتوبر ، 2012

ملالہ پر حملہ کرنیوالے پاکستان کا مستقبل تباہ کرنا چاہتے ہیں ،وزیر خارجہ

اسلام آباد…وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے پاکستان کا مستقبل تباہ کرنا چاہتے ہیں لیکن ان کو اس میں کامیابی نہیں ہو گی، پوری قوم اس واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے، مخصوص سوچ رکھنے والوں کیخلاف متحد ہو کر ان کا مقابلہ کرنا چاہئے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی ملک کی رول ماڈل ہے جس نے علم کی شمع روشن کی ہے۔ اس کی روشنی پورے ملک میں پھیل گئی ہے اس کی بدولت ملک کی لاکھوں بچیاں تعلیم کی طرف راغب ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف کی سوچ دراصل پاکستان کے مستقبل کی سوچ ہے۔ ملک دشمن عناصر کو اس کی سوچ اچھی نہیں لگتی تھی، مخصوص سوچ والوں نے یہ بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے اس پر حملہ کیا ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ ملالہ جلد صحت یاب ہو کر تعلیم کی شمعیں روشن کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مخصوص سوچ کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور اس مائنڈ سیٹ رکھنے والوں کو شکست دینا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی شناخت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے ہونگے۔

مزید خبریں :