12 جولائی ، 2021
1988سیئول اولمپکس میں پاکستا ن کیلئے آخری مرتبہ انفرادی اولمپکس میڈل جیتنے والے باکسر حسین شاہ کے بیٹے شاہ حسین شاہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل جیتنے کیلئے پر اُمید ہیں۔
شاہ حسین شاہ کا کہنا ہے کہ اُن کی خواہش ہے کہ وہ انٹرنیشنل مقابلوں میں اپنے والد کی وراثت کو برقرار رکھیں۔
27 سالہ شاہ حسین شاہ ٹوکیو اولمپکس میں جوڈو کے مقابلوں میں حصہ لیں گے، ان کی پہلی فائٹ 29 جولائی کو ہوگی ۔
جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہ حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ریو اولمپکس کے بعد سے انہوں نے کافی محنت کی ہے اور وہ اب ایک مختلف ایتھلیٹ ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ٹوکیو اولمپکس کیلئے کافی محنت کی ہے ، یہ پاکستان کیلئے کافی اہم ایونٹ ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ والد کی طرح میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کریں۔
ان کے والد حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا پاکستان کیلئے میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرے گا۔
یاد رہے کہ شاہ حسین شاہ کے والد حسین شاہ نے 1988 میں پاکستان کیلئے سیئول اولمپکس میں باکسنگ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔