Time 13 جولائی ، 2021
پاکستان

کراچی میں جرائم کی شرح میں اضافہ، 6 ماہ میں شہری اربوں روپے سے محروم

کراچی میں جرائم کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور جنوری سے 15جون تک 22 ہزار سے زیادہ وارداتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔

 شہر قائد  میں جرائم پیشہ عناصر آزاد اور پولیس بے بس دکھائی دیتی ہے، شہر میں وارداتوں کے سرکاری اعدادو شمار جیونیوز نے حاصل کرلیے ہیں جن کے مطابق  جنوری سے 15جون تک 22 ہزار 295 وارداتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔

 اس دوران  شہریوں سے 2 ارب 97کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹ لی گئی، سب سے زیادہ وارداتیں موٹرسائیکلوں کی چوری اور چھینے جانے کی ہوئیں جن میں سے ایک ارب30کروڑ سے زائد کی موٹرسائیکلو ں سے شہری محروم کردیےگئے۔

 چوری کی 2 ہزار 278 وارداتوں میں 96کروڑ سے زائد لوٹ لیےگئے، ڈاکو گھروں سے 243 وارداتوں میں 16کروڑ روپے لے اڑے، دکانوں میں ڈکیتی کی 185وارداتوں میں 10کروڑ روپے سے زائد لوٹے گئے۔

ہائی ویز پر ڈکیتیوں میں 35لاکھ سے زائد جب کہ 2 بینک ڈکیتیوں میں 60لاکھ روپے لوٹے گئے۔

8 پیٹرول پمپس پر 9 لاکھ سے زائد کی ڈکیتیاں ہوئیں، دیگر وارداتوں میں شہری 43کروڑ سےزائد رقم سے محروم کردیےگئے۔

 حکام کا کہنا ہےکہ یہ وہ اعداد و شمار ہیں جن کے مقدمات درج ہیں تاہم وہ وارداتیں جو رپورٹ نہیں کی گئیں اس لیے ان کا تخمینہ اس سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں :