Time 14 جولائی ، 2021
دنیا

غیر ملکی افواج سے غاصبوں جیسا سلوک ہوگا،ترکی کے فیصلے پر طالبان کا ردعمل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

افغان طالبان نےکابل ائیرپورٹ کی سیکیورٹی کیلیے ترک افواج کی تعیناتی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہےکہ ترکی کے حکمرانوں نے یہ اعلان امریکی مطالبے پر کیا ہے اس سے  دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچےگا۔

ترجمان افغان طالبان کا کہنا ہےکہ ترکی کے حکمرانوں نے اپنی افواج کی تعیناتی کے تسلسل کا اعلان کیا، ترک حکام کا یہ فیصلہ ایک غیرسنجیدہ اقدام ہے، یہ فیصلہ ہماری قوم ، ملکی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کےمنافی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ ترک حکام سے پرزور مطالبہ ہےکہ اس فیصلے کو واپس لیں، غیرملکی افواج کی موجودگی چاہےکسی بھی ملک اور نام سے ہو وہ جارحیت ہے، ایسی غیرملکی افواج کے ساتھ علماء کے فتوے کی بنیاد پر غاصبوں جیسا سلوک کیا جائے گا۔

ترجمان افغان طالبان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کسی کے امور میں نہ مداخلت کرتے ہیں نہ اپنے امور میں مداخلت کی اجازت دیتے ہیں،ترک حکام نے نظرثانی نہ کی تو  امارات اسلامیہ اور افغان قوم اس کے خلاف ڈٹ جائیں گے۔

خیال رہے کہ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی اور امریکا کابل ائیرپورٹ کی سیکیورٹی کے دائرہ کار پر متفق ہوگئےہیں۔افغان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ کابل کےحامد کرزئی ائیرپورٹ پرنیاڈیفنس سسٹم فعال کردیاگیا ہے۔

مزید خبریں :