سونو سود کو مار کھاتے نہیں دیکھ سکتا، 7 سالہ بچے نے ٹی وی ہی توڑ ڈالا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

فلم کے ایک سین کے دوران سونو سود کو مار کھاتے دیکھ کر ان کا ننھا مداح آپے سے باہر ہوگیا اور گھر کا ٹی وی ہی توڑ ڈالا۔

گزشتہ روز ٹوئٹر پر ہارش نامی صارف نے بھارتی میڈیا پر چلنے والی ایک رپورٹ شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ ریاست تلنگانا کے ضلع سنگاریڈی سے تعلق رکھنے والا 7 سالہ بچہ 'ویرات' فیملی کے ساتھ فلم دیکھ رہا تھا جس میں اداکار سونو سود نے وِلن کا کردار نبھایا تھا۔

فلم کے ایک سین میں وِلن کی پٹائی ہوئی تو یہ ویرات سے ہضم نا ہو سکا اور اس نے غصے میں ٹی وی ہی توڑ ڈالا۔

یہ دیکھتے ہوئے بچے کی والدہ نے اسے مارا تو اس نے کہا کہ میں اپنے پسندیدہ اداکار سونو سود کو مار کھاتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا، ہیرو ہوتا کون ہے ان کو مارنے والا، میں یہ برداشت نہیں کر سکتا۔

ماں نے بچے سے پوچھا کہ تم سونو سود کو کیسے جانتے ہو جس پر اس نے جواب دیا کہ کیا سونو سود نے لاک ڈاؤن کے دوران لاکھوں لوگوں کی مدد نہیں کی تھی؟ میں انہیں یوں پٹتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔

تاہم ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو اسے اداکار سونو سود کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔

سونو نے ہلکے پھلکے انداز میں لکھا کہ ارے اپنے ٹی وی مت توڑو، اس کے والد مجھ سے نئے ٹی وی خرید کے دینے کا مطالبہ کریں گے۔

خیال رہے بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کے سبب اداکار سونو سود سماجی کاموں میں پیش پیش رہے تھے۔ 

مزید خبریں :