11 اکتوبر ، 2012
واشنگٹن … امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ وہ اپنے مد مقابل مٹ رومنی کے ساتھ آئندہ ٹی وی مباحثوں میں زیادہ جارحانہ رویہ اختیار کریں گے۔ امریکی چینل اے بی سی ورلڈ نیوزکو ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ مٹ رومنی کے ساتھ پہلے ٹی وی مباحثے میں انہوں نے شائستہ رویہ اختیار کیا تاہم اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس مباحثے کے بعد مٹ رومنی کی عوامی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔ امریکی صدر نے کہا کہ اپنے پہلے مباحثے میں انہوں نے شائستگی کا ضرورت سے کچھ زیادہ ہی مظاہرہ کیا لیکن اچھی بات یہ ہے کہ یہ صدارتی انتخاب سے قبل مٹی رومنی کے ساتھ ہونے والے تین ٹی وی مباحثوں میں سے پہلا تھا اور ابھی دو مباحثے باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹ رومنی کے ساتھ پہلے ٹی وی مباحثے کے بعد کی انتخابی مہم کے بنیادی اصولوں میں تبدیلی لائے جانے کاتاثر درست نہیں۔ باراک اوباما نے کہا کہ پہلے مباحثے کی رات مٹ رومنی کیلئے اچھی جبکہ میرے لئے بری تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کے حریف امیدوارکوبھی اس مباحثے میں کی گئی بعض باتوں کی وضاحت کرنا پڑی۔