11 اکتوبر ، 2012
ٹوکیو … شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے تنازع پر امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات آئندہ ہفتے ہونگے۔ جاپانی وزارت خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان مذاکرات میں تینوں ممالک کے جوہری ماہرین شرکت کریں گے۔ مذاکرات میں شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے تنازع کے حوالے سے مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ آئندہ بدھ کو ہونے والے مذاکرات میں امریکہ کی نمائندگی شمالی کوریا بارے پالیسی کے حوالے سے خصوصی امریکی نمائندہ گلن ڈیویز، جنوبی کوریا کی نمائندگی جوہری مذاکرات کار لم سنگ نام اورجاپان کی نمائندگی سینئر عہدیدار شن سوکی سوگی یاما کریں گے۔ واضح رہے کہ تینوں ممالک کے درمیان اسی سلسلہ میں گذشتہ ماہ وزراء خارجہ سطح پر مذاکرات ہوچکے ہیں جن کی میزبانی امریکانے کی تھی۔