27 جولائی ، 2021
راولپنڈی میں 14 ماہ کے بچے اور خاتون کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والا ملزم واجد علی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی کے نواحی علاقے مہوٹہ موئڑہ میں تین روز قبل 14 ماہ کے بچے اور اس کی ماں کے قتل میں ملوث ملزم نے پولیس کو گرفتاری دے دی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم واجد علی کشمیری نے پولیس کے ہاتھوں مارے جانے کے ڈر سے خود کو پیش کیا، ملزم تین روز قبل نسیم بی بی نامی خاتون کو ویرانے میں لےگیا جہاں خاتون سے مبینہ زیادتی کے بعد 14 ماہ کے بچے اور اس کی ماں کو زخمی کیا۔
بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ اس کی ماں ایک روز زندگی و موت کی کشمکش کے بعد راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں دم توڑگئی تھی۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی ہمشیرہ کی مدعیت میں ملزم واجد کشمیری کے خلاف مقدمہ نمبر 342/21 زیر دفعہ قتل ،اقدام قتل، اور زیادتی کی دفعات کے تحت درج کیا تھا۔
مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے اس کی تصاویر جاری کرکے عوام سے بھی مدد طلب کی تھی،تاہم ملزم نے خود پولیس کے حوالے کردیا ہے، ملزم واجد علی سے مزید تفتیش جاری ہے۔