Time 06 اگست ، 2021
پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب کی گاڑی کے قریب فائرنگ، نامزد وزیر کا بھائی قتل

لاہور میں پنجاب کے نامزد وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی موجودگی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں سے اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر زخمی ہوگیا جسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے جانے کے بعد پیش آیا۔

عینی شاہد کے مطابق وزیراعلیٰ واپسی کیلئےکار میں بیٹھے ہی تھےکہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جبکہ فائرنگ کا واقعہ وزیراعلیٰ کی کار سے چند گز کے فاصلے پر ہوا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دو حملہ اورگھات لگاکرگیٹ پرموجود تھے، جیسے ہی نامزد صوبائی وزیر سمیت تینوں بھائی وزیراعلیٰ پنجاب کوگیٹ پرچھوڑنے آئے کہ ملزمان نے فائرنگ کردی۔

وزیراعلیٰ کے اسٹاف نے فائرنگ کرنے والے ملزم کوپکڑلیا جسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد دعوت ولیمہ منسوخ کردی گئی جبکہ یہ تقریب ڈیفنس میں فارم ہاؤس میں منعقد ہورہی تھی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے، ترجمان

تقریب میں فائرنگ کے واقعے سے قبل وزیراعلیٰ بھی شریک ہیں — فوٹو: سوشل میڈیا
تقریب میں فائرنگ کے واقعے سے قبل وزیراعلیٰ بھی شریک ہیں — فوٹو: سوشل میڈیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار  نے ڈیفنس میں اسدکھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری کی جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرکے مزید کارروائی کی جائے۔

انہوں نے حکم دیا کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان کا کہنا تھاکہ فائرنگ کرنے والےملزم کو وزیراعلیٰ کی سکیورٹی ٹیم نے موقع سے پکڑا اور  ابتدائی تفتیش کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔

ملک مبشر عرف گوگا میرے چچا کے قتل میں ملوث تھا، ملزم کا ابتدائی بیان ریکارڈ

اُدھر گرفتار ملزم ناظم نے ابتدائی بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیا۔ ملزم کے ابتدائی بیان کے مطابق چچا کے قتل کابدلہ لینے کیلئے ملک مبشرکو قتل کیا۔

ملزم کا کہنا ہے کہ میرےچچا کوکچھ عرصے قبل قتل کیا گیا تھا، ملک مبشر عرف گوگا میرے چچا کے قتل میں ملوث تھا۔

خیال رہےکہ آج ہی اسد کھوکھر کوصوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تاہم انہیں ابھی حلف اٹھانا ہے۔

مزید خبریں :