07 اگست ، 2021
پاکستان نے اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق مؤقف پر ڈٹے رہنےکو خوش آئند قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اقوام متحدہ کا کشمیر پر واضح مؤقف ہے جو تبدیل نہیں ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کا بیان 5 اگست کے بھارتی غیرقانونی اقدام کے دو سال مکمل ہونے پر آیا اور بھارت کے کشمیر پر مؤقف کہ وہ اس کا حصہ ہے کی نفی کرتا ہے۔
ترجمان نے ایک بار پھر پاکستان کا موقف دہرایا کہ جموں وکشمیر نہ کبھی بھارت کا حصہ تھا اور نہ کبھی ہوگا،کشمیریوں کے عزم کے سامنے آخرکار بھارت کواپنا سرجھکانا پڑے گا۔
ترجمان نے واضح کیا مقبوضہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازع ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایجنڈے پرکشمیر دیرینہ ترین حل طلب مسئلہ ہے اور بھارت کو عالمی برادری کے ساتھ کیے وعدے پورے کرنا پڑیں گے۔
خیال رہےکہ گذشتہ دنوں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنےکے بعد بھارت کے مستقل مندوب ٹی ایس تیرمورتی نے پریس کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کو اپنا اٹوٹ انگ قرار دیا تھا۔
بعد ازاں ایک نیوز بریفنگ میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان نے مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کے مؤقف کے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ کشمیر پر ہماری پوزیشن مکمل طور پر قائم ہے اور اس میں تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔