12 اگست ، 2021
واہ کینٹ میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری (پی او ایف) کے ایک پلانٹ میں دھماکا ہوا ہے۔
اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں حادثاتی طور پر دھماکا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی جگہ کو کلیئر کردیا گیا ہے اور صورتحال پی او ایف ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے قابو میں ہے۔
خیال رہے کہ واہ کینٹ میں زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی تھی جس کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دھماکے کی نوعیت کا تعین شروع کردیا تھا۔
دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ قریبی عمارتوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں فضا میں سیاہ دھویں کے بادل بلند ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے پینتالیس کلومیٹر کے فاصلے پر قصبے واہ میں واقع پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ملک میں روایتی اسلحے اور گولہ بارود کا سب سے بڑا پیدواری کمپلکس ہے۔