ایک منٹ میں 50 ہزار پودے لگانے کاعالمی ریکارڈ بھارت سے پاکستان کے نام

ایک منٹ میں پچاس ہزار  پودے لگانے کاعالمی ریکارڈ بھارت سے پاکستان کے نام ہوگیا۔

گوجرانوالہ میں بچوں نے ایک منٹ میں سب سے زیادہ پودے لگا کر ریکارڈ بنایا۔

اس موقع پر  وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کا کہناتھا کہ 40 سیکنڈز میں 52 ہزار پودے لگائے گئے ہیں، بھارت کا ریکارڈ ٹوٹا ہے، اس کی دہری خوشی ہے۔

گوجرانوالہ کے سرکاری اسکولوں کے ساڑھے بارہ ہزار طلبہ اور طالبات سہ پہر تین بجے سے پہلے ہی مقررہ جگہوں پر پہنچے، پوزیشنیں سنبھالیں تو گرمی اور تھکاوٹ کے بجائے چہروں پر فتح کا عزم پہلے سےعیاں تھا۔

قومی ترانے کے بعد تین بجے سائرن بجائے گئے تو سب نے کمال مہارت سے مقررہ دورانیہ ختم ہونے سے پہلے ہی پودے لگائے اور ہاتھ کھڑے کرکے فتح کا اعلان کر دیا۔

ایک منٹ کا دورانیہ ختم ہوتے ہی سب سے پہلے منصوبے کے چیف آرگنائزر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل خواجہ نے شہریوں کو خوشخبری سنائی۔

اس منفرد عالمی ریکارڈ کو گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کیلئے تمام مناظر کی ڈرون کیمروں سے ریکارڈنگ کی گئی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم اور کمشنر گوجرانوالہ سمیت سیکڑوں افراد کنٹرول روم میں براہ راست مانیٹر بھی کرتے رہے۔

گوجرانوالہ کے ننھے طلبہ اور طالبات نے ایک منٹ میں پچاس ہزار پودے لگا کر نہ صرف عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے بلکہ دنیا بھر میں مستقبل کے گرین پاکستان کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

مزید خبریں :