12 اگست ، 2021
نجی ائیرلائن ائیرسیال کی کراچی تا اسلام آباد پرواز میں طیارے میں فنی خرابی کی وجہ سے کئی گھنٹوں کی تاخیر ہوئی جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔
طیارہ ٹیک آف کے بغیر ہی دو مرتبہ فنی خرابی کا شکار ہوکر رن وے سے واپس آگیا، پرواز بر وقت روانہ نہ ہونے پر مسافروں نے طیارے اور کراچی ائیرپورٹ پر ائیرلائن کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
ائیرسیال کی کراچی سے اسلام آباد کی پرواز PF 123 کو شام چار بجے روانہ ہونا تھا، ائیرلائن کا ائیربس اے 320 طیارہ عین ٹیک آف کے وقت فنی خرابی کا شکار ہوگیا اور رن وے سے واپس آگیا۔
مسافروں کو انتظار کروایا گیا جس کے بعد انہیں دوبارہ طیارے میں سوار کیا گیا اور جیسے کپتان نے اڑان بھرنے کی کوشش کی طیارہ دوبارہ خراب ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق طیارے سے مسافروں کو اتار کر دوبارہ لاؤنج بھیج دیا گیا جہاں مسافروں نے ائیر سیال انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔
پرواز میں تاخیر پر ائیرسیال کے چیف آپریٹنگ آفیسر طارق امین کا کہنا ہے کہ جہاز کو ایک بار ٹھیک کرنے کے بعد دوبارہ خرابی پیدا ہوگئی، فنی خرابی کے باعث پرواز PF-123 کو منسوخ کردیا گیا ہے مسافروں کو اب کل اسلام آباد کی دیگر پروازوں میں ایڈجسٹ کریں گے۔