14 اگست ، 2021
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیزہ باز ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے ملاقات کی۔
گزشتہ دنوں جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونے والے اولمپک گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارشد ندیم اور طلحہ طالب نے وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں صدر پاکستان عارف علوی سے ملاقات کی، اس موقع پر ڈی جی اسپورٹس بورڈ اور ارشد ندیم کے کوچ فیاض بخاری بھی موجود تھے۔
صدر پاکستان نے دونوں ایتھلیٹس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ ارشد ندیم اور طلحہ طالب نے صدر پاکستان کو اپنے مستقبل کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ شروعات سے دونوں ایتھلیٹس کے ساتھ ہے اور مستقبل میں بھی ان سمیت دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
ملاقات میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو 10، 10 لاکھ جبکہ کوچ فیاض بخاری کو 5 لاکھ روپے کے انعامی چیک بھی دیے۔