28 اگست ، 2021
لاہور کے علاقے چوہنگ میں ماں بیٹی سے زیادتی کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور زیادتی کا نشانہ بننے والی ماں بیٹی نے دونوں ملزمان عمر فاروق اور منصب کو شناخت کرلیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں متاثرہ خواتین نے ملزمان کو شناخت کیا، ملزمان نے 22 اگست کو ماں بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں تفتیشی افسر نے واقعے کی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق ماں بیٹی نے دونوں ملزمان عمر فاروق اور منصب کو شناخت کر لیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ دونوں خواتین نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی موجودگی میں ملزمان کو شناخت کیا۔
تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ملزمان عمر فاروق اور منصب کو جسمانی ریمانڈ کے لیے 30 اگست کو طلب کرلیا۔
خیال رہے کہ ملزمان نے 22 اگست کو ماں بیٹی کو اسلحہ کے زور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا جس پر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کی شناخت پریڈ کرانے کا حکم دیا تھا۔
پولیس کو دیےگئے بیان میں ماں بیٹی نے بتایا کہ 22 اگست کی رات وہ 11 بجےصدر میں رہائش پذیر اپنی بہن کےگھر جانےکے لیے میلسی سے لاہور پہنچیں، وہ دوسری بار لاہور آئی تھیں، اس لیے راستوں سے ناواقف تھیں۔
متاثرہ ماں بیٹی نے بتایا کہ وہ ٹھوکر نیاز بیگ پر بس سے اتریں، رکشا ڈرائیور عمر سے 300 روپے کرایہ طے ہوا، رکشا ڈرائیور نے اپنے ساتھی منصب کو بھی ساتھ بٹھالیا، وہ دونوں ہمیں ایک ویران علاقے میں لےگئے۔
دونوں نے بیان میں بتایا کہ انہوں نے ملزمان کے آگے ہاتھ جوڑے، منت سماجت کی، ماں نے کہا کہ اس کی بیٹی حافظ قرآن ہے، اسے کچھ مت کہیں، بیٹی نے دہائی دی کہ اس کی والدہ دل کی مریضہ ہیں، انہیں چھوڑ دیں، مگر درندہ صفت ملزمان نے ان کی ایک نہ سنی اور گن پوائنٹ پرعزت پامال کردی۔